ریورنڈ فادر بشارت او۔ایم۔آئی جماعت کے نئے سپیریئر منتخب
مورخہ 10 مئی 2024 کو یوحنا آباد لاہور میں ریورنڈ فادربشارت او۔ایم۔آئی پاکستان میں او۔ایم۔آئی جماعت کے نئے سپیریئر منتخب ہوئے۔اس موقع پر پاک ماس کی قیادت ریورنڈ فادر خان پولس او ایم آئی نے فرمائی۔اپنے وعظ میں ریورنڈ فادر خان پولوس نے بہترین قیادت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سچا لیڈر وہ ہوتا ہے جو صیح راستہ جانتا ہو۔اور نا صرف وہ راستہ دوسروں کو دکھاتا ہو بلکہ اْس پرخود بھی چلتا ہو۔ ایک لیڈر اپنے لوگوں کے لئے باپ کی طرح ہوتا ہے۔اور ایک باپ اپنے بچوں کیلئے رول ماڈل ہوتا ہے۔فادر موصوف نے مزید بتایا کہ ایک رہنما کے قول و فعل میں تضاد نہیں ہونا چاہیے اورسب سے بڑھ کر اْس کو خدا کی محبت سے لبریز ہونا چاہیے تاکہ وہ خدا کی محبت کو دوسروں کے ساتھ بانٹ سکے۔آخر میں انہوں نے ریورنڈ فادربشارت او۔ایم۔آئی کو سپیریئر بننے نیز ریورنڈ فادر پرویز رضااو۔ایم۔آئی،ریورنڈ فادر عابد سلیم او۔ایم۔آئی،ریورنڈ فادرسیسل پال او۔ایم۔آئی کو کونسل کے نئے ممبران بننے پر مبارک باددی اور مستقبل کیلئے پوری جماعت کی جانب سے دْعائیں اور نیک تمنائیں پیش کیں۔
بعد ازاں نو منتخب سپیرئر ریورنڈ فادر بشارت نے اپنی جماعت کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا اور اْن سے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔