اْمید مایوس نہیں کرتی۔عزت مآب بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت

مورخہ 6جنوری 2026کوسینٹ پیٹر اینڈ پال کیتھیڈرل فیصل آباد میں جوبلی سالِ اْمید کا اختتام نہایت روحانی، پُرامن اور بامقصد انداز میں کیا گیا۔ اس تقریب کا آغاز پاک ماس کی اقدس قربانی سے ہوا جس کی صدارت عزت مآب بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے فرمائی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے جوبلی سال کی روحانی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اْمید مایوس نہیں کرتی۔ آج کے بے چین اور مشکلات سے دوچار معاشرے کے لیے مسیحی پیغامِ نجات اور حوصلہ کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے بتایاکہ جوبلی سال نے کلیسیا کو ایمان، اْمید اور خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی نئی روح عطا کی ہے۔
اس موقع پر فیصل آباد ڈایوسیس کے ساتوں اضلاع کے نمائندگان بھی موجود تھے، جنہوں نے جوبلی سال کے دوران انجام دی جانے والی روحانی اور سماجی سرگرمیوں کو سراہا۔پاک ماس کے بعد امن و اْمید ریلی نکالی گئی جو سینٹ پیٹر اینڈ پال کیتھیڈرل سے شروع ہو کر جی ٹی ایس چوک تک پہنچی اور  پُرامن انداز میں واپس کیتھیڈرل آئی۔ ریلی کے دوران امن، ہم آہنگی اور باہمی احترام کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔اس امن و اْمید کی ریلی میں عزت مآب بشپ اندریاس رحمت،ریورنڈ فادر خالد رشید عاصی، ریورنڈ فادر عابد تنویر، ریورنڈ فادر یعقوب یوسف، ریورنڈ فادر خالد مختار اور بردار ساجد بشیر نے شرکاء سے خطاب کیا اورانھیں اپنی عملی زندگی میں اْمن، برداشت اور محبت کے پیغام کو اپنانے کی تلقین کی۔ ریلی کا اختتام بشپ ہاؤس میں ہوا۔
بعد ازاں سینٹ پیٹر اینڈ پال ہال میں جشنِ جوبلی کا اختتامی سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں اٹلی سے واپس آنے والے جوبلی زائرین نے اپنے روحانی تجربات اور مشاہدات مومنین کے ساتھ شیئر کیے۔
اس تقریب کے اختتام پرعزت مآب بشپ اندریاس رحمت نے باضابطہ طور پر جوبلی سال کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے 2026 کو”غریبوں کا سال“قرار دیا۔ اس موقع پر فیصل آباد ڈایوسیس کے اگلے پانچ سالوں کے پاسٹرل پلان پر مشتمل کتاب کی بھی رونمائی کی گئی، جو کلیسیا کے سماجی مشن، خدمتِ خلق اور غریب دوست وژن کی عکاسی کرتی ہے۔
اس جوبلی کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ کلیسیا ایمان، امن اور اْمید کے پیغام کے ساتھ معاشرے کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
 

Daily Program

Livesteam thumbnail