نیند کی کمی اور نقصانات
رات کی پْر سکون نیند کسے اچھی نہیں لگتی؟ پْر سکون نہ صرف مزاج خوشگوار بناتی ہے بلکہ آنکھوں کے گرد بد نما سیاہ حلقے بھی پیدا نہیں ہونے دیتی نیزمناسب دورانیے تک سونا آپ کے دل،وزن اور ذہن سمیت ہر چیز کی صحت کیلئے بہترین ثابت ہوتا ہے۔
مگر آج کے دور کی مصروفیات نے نیند کا اوسط دورانیہ 6گھنٹوں تک پہنچا دیا ہے جبکہ طبی ماہرین 7سے 8گھنٹے تک سونے کا مشورہ دیتے ہیں۔لگ بھگ ہر ایک کو اچھی نیند کی اہمیت کے بارے میں علم ہے مگر ہو سکتا ہے کہ آپ کو یہ انداز نہ ہو کہ نیند کی کمی کی بدولت آپ کے ساتھ کیا کچھ ہو سکتا ہے؟
چڑ چڑاپن: بے خواب راتوں کے نتیجے میں چڑ چڑے پن کی شکایت عام ہو جاتی ہے۔ یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی جس میں بتایا گیا کہ منفی جذبات نیند متاثر ہونے کا نتیجہ ہوتے ہیں اور اس سے دفتر ی کارکردگی بھی متاثرہوتی ہے۔
سر درد: نیند کی کمی سر درد کا باعث بنتی ہے۔بے خواب راتوں کے نتیجے میں آدھے سر کا درد ہونے لگتا ہے جبکہ خراٹے لینے والے 36سے 58فیصد افراد صبح سر درد کا شکار ہوتے ہیں۔
موٹا پا:کم نیند کے نتیجے میں جسمانی ہارمونز کاتوازن بگڑ جاتا ہے جس کے نتیجے میں کھانے کی اشتہاخاص طور پر بہت زیادہ کیلوریز والی غذاؤں کی خواہش پیدا ہوتی ہے۔ اپنی خواہشات پر کنٹرول کی صلاحیت کم ہوجاتی ہے اور یہ دونوں بہت خطر ناک امتزاج ہیں کیونکہ اس کا نتیجہ موٹاپے کی شکل میں نکلتا ہے۔
بینائی کی کمزوری: نیند کی کمی بینائی کی کمزوری،دھندلاپن اورایک کی جگہ دو نظر آنے کی شکل میں بھی سامنے آسکتا ہے۔جتنا زیادہ وقت آپ جاگ کر گزارتے ہیں اتنی ہی بینائی میں خرابی کا امکان بڑھتا ہے۔
امراض قلب: ایک تحقیق کے دوران لوگوں کو 88گھنٹے تک سونے نہیں دیا گیا جس کے نتیجے میں بلڈ پریشر ہائی ہو گیاجو کہ کوئی زیادہ حیران کن امر نہیں تھا۔ مگر جب اْن افراد کو ہر رات صرف 4گھنٹے تک سونے کی اجازت دی گئی تو دل کی دھڑکن کی رفتار بڑھ گئی جبکہ ایسے پروٹین کا ذخیرہ جسم میں ہونے لگا جو امراض قلب کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
بولنے میں مشکلات: نیند کی شدید کمی آپ کو ہکلانے یا بولتے ہوئے مشکل پیش آسکتی ہے بالکل ایسے جیسے کسی نے نشہ کررکھا ہو۔ ایک تحقیق کے دوران کچھ لوگوں کو 36گھنٹوں تک جگا کر رکھا گیا۔جس کے بعد وہ کسی سے بات کرتے ہوئے الفاظ بار بار دہرانے اور ہکلانے لگے،وہ اکتادینے والے انداز سے آہستگی اور مبہم باتیں کرنے لگے،یہاں تک کہ ان سے اپنے خیالات کا اظہار کرنا بھی ممکن نہ رہا۔
نزلہ زکام کے مسائل: اگر آپ ہر وقت نزلہ زکام کا شکار رہنے پر،پریشان ہیں اور کہیں بھی جانے پر فلوحملہ آور ہو جاتا ہے تو اس کی ایک ممکنہ وجہ نا کافی نیند بھی ہو سکتی ہے۔ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ 7گھنٹے سے کم نیند لیتے ہیں ان میں یہ بیماری ہونے کا خطرہ تین گنازیاد ہ ہو تا ہے۔
اگر آپ نیند کی کمی کے شکار ہوں،یہاں تک کہ ایک رات کی نیند کی کمی بھی جراثیموں کے خلاف جسم کے قدرتی دفاعی نظام پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔جس کے نتیجے میں کوئی بھی بیماری آسانی سے آپ کو گھیر سکتی ہے۔اس لئے اگر آپ ذہنی طور پر چوکنا اور ہوشیار رہنا چاہتے ہیں،تندرست اور توانا رہنا چاہتے ہیں تو مناسب نیند لیں اور وقت پر سوئیں۔