جہاں موت کا راج ہو وہاں کاہنوں کو امن پھیلانا چاہیے۔پوپ لیو چہاردہم

مورخہ 2اپریل2026کو پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے مقدس پطرس کے احاطہ میں کرسمہ ماس میں بشپ صاحبان،کاہن صاحبان اور تمام مسیحیوں کو دعوت دی کہ وہ اپنی مشکلات کو خدا پر بھروسے کے ساتھ قبول کریں اورجہاں موت کی بدبو ہو وہاں مسیح کی خوشبو پھیلائیں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے کرسمہ ماس کی صدارت کی، جہاں سینکڑوں بشپس صاحبان اور کاہنانہ برادری نے شرکت کی نیزاپنی کہانت کے وعدوں کی تجدید کی۔بطور بشپ آف روم اپنی پہلی کرسمہ ماس کے وعظ میں پوپ لیو نے اُس مشن پر زور دیاجس کے لیے خدا ہر مسیحی کو بلاتا ہے، اور کہا کہ یہ وہی مشن ہے جو یسوع مسیح کا تھا۔ہم میں سے ہر ایک اپنے اپنے بلاوے کے مطابق روح کی آواز کی گہری فرمانبرداری میں اس مشن میں شامل ہوتا ہے، مگر کبھی بھی اکیلے نہیں اور نہ ہی رفاقت کو نظرانداز کرتے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ایسٹر ٹریڈم پاک جمعرات کوآخری عشائیہ کی عبادت سے شروع ہوتا ہے اور مسیحی عبادتی سال کا یہ نقطہ عروج انسان کے غرور کو بدلنے، زخموں کو شفا دینے، ہمیں ایک دوسرے سے ملانے اور متحد کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔
بعد ازاں، پوپ  لیونے مسیحی مشن کے تین پہلوؤں پر روشنی ڈالی:
ترکِ تعلق (detachment)، ملاقات (encounter)، اور غلط فہمی یا رد کیے جانے کا امکان۔
انہوں نے کہا کہ مسیح کے بدن کے ارکان ہونے کے ناطے، مسیحی خصوصاً مقرر شدہ خادم لوگوں کی خدمت کے لیے بھیجے جاتے ہیں، جس کے لیے ضروری ہے کہ ہم مانوس اور یقینی چیزوں کو چھوڑ کر نئی راہوں پر قدم رکھیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی مشن اُس وقت تک مکمل نہیں ہوتا جب تک ہم اپنے ماضی اور کمزوریوں کے ساتھ صلح نہ کر لیں۔ لیکن اسی کے ساتھ، باہر نکلے بغیر امن نہیں، ترک کیے بغیر آگاہی نہیں، اور خطرہ مول لیے بغیر خوشی نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم خود کو خالی کرتے ہیں تو ہمیں مشن کا ایک بنیادی 
راز معلوم ہوتا ہے: جو کچھ ہم چھوڑتے ہیں، وہ ہمیں کئی گنا بڑھ کر واپس ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب یہ نہایت ضروری ہے کہ ہم یاد رکھیں کہ خدمت چاہے مذہبی ہو سماجی یا سیاسی، اختیار کے غلط استعمال سے کبھی بھلائی پیدا نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ روح القدس یسوع کو اپنے  کاہنوں میں پیش کرتا ہے اور انہیں سکھاتا ہے کہ وہ مسیح کو قبول کریں اور اْس کی پیروی کریں۔
انہوں نے کہا کہ ماورائی حقیقت کے ساتھ ہم آہنگی کے لیے ہمیں سادگی کے ساتھ وہاں جانا چاہیے جہاں ہمیں بھیجا جاتا ہے، اور ہر شخص اور ہر جماعت کے اندر موجود بھید کا احترام کرنا چاہیے۔
 پوپ لیو نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ مسیحی مشن کا سب سے گہرا پہلو یہ ہے کہ انسان کو غلط سمجھا جا سکتا ہے یا رد بھی کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صلیب کو قبول کرنا مشن کا لازمی حصہ ہے، جو معاشرے اور ہماری اپنی زندگی میں حقیقی تبدیلی لا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم ناکامی یا اپنی کمزوریوں کا سامنا کرتے ہیں، تب بھی ہمیں خدا کے فضل پر بھروسہ کرنا چاہیے، جیسا کہ مقدسین نے کیا۔
آخر میں، پوپ لیو چہاردہم نے مسیحیوں کو تاکید کی کہ وہ بے بسی یا خوف کو ترک کریں اور مسیح کی موت اور قیامت کا اعلان کریں۔ آئیں ہم اس مشن کے لیے اپنی”ہاں“کی تجدید کریں، جو اتحاد پیدا کرتا ہے اور امن لاتا ہے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail