مقدس انتھنی آف پادوا (بین الاقوامی مقدس)
عالمگیر کلیسیا 13 جون کو مقدس انتھنی آف پادوا کی عید مناتی ہے۔ اگرچہ آج دنیا میں مقدس انتھنی کے عقیدت مندوں کی کمی نہیں ہے۔ مومنین مقدس انتھنی کی سفارشوں سے اَن گنت معجزات کی برکت پاتیں ہیں۔ تمام مقدسین میں مقدس انتھنی کو بلا امتیاز ایک انتہائی قابلِ احترام اور بین الاقوامی مقدس ہونے کا شرف حاصل ہے۔ پوپ لیو تیرہویں نے انہیں پوری دنیا کا مقدس قرار دیا بلکہ گزشتہ 789 سالوں میں دن بدن ان کی شہرت اور مقبولیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ مقدس انتھنی لِزبن شہر میں جو پرتگال کا دارالخلافہ ہے 15 اگست 1195 کو مقدسہ کنواری مریم کے آسمان پر اْٹھائے جانے کی عید پر شہر کے بڑے گرجا گھر کے احاطہ میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام مارٹن ڈی تاویرا اور والدہ کا نام ٹریضہ ڈی تاویرا تھا۔ بپتسمہ کے وقت اْپ کو فرڈیننڈ کا نام دیا گیا۔ 15 برس کی عمر میں آپ نے اگسٹینین جماعت میں شرکت کی۔
یہاں آپ بیشتر وقت دْعا اور مطالعے میں گزاراکرتے تھے۔دو سال کے بعد آپ کو ایک راہب خانے میں بھیج دیا گیا۔جہاں آپ نے آٹھ سال تک قیام کیا۔ اسی وقت مراکش سے پانچ فرانسسکن شہیدوں کے تبرکات پرتگال لائے گئے۔ اِس واقعے نے آپ کو اس قدر متاثر کیا کہ آپ نے بھی ایمان کی خاطر شہید ہونے کی ٹھان لی۔ اسی غرض سے آپ نے اپنی جماعت کے صدر راہب سے بمشکل اجازت لی اور فرانسسکن جماعت میں شامل ہو گئے۔ آپ ایک عظیم مبلغ تھے اور افریقہ جا کرمنادی کرنا چاہتے تھے۔ جس کے لیے آپ نے خاص اجازت حاصل کی۔ تاہم آپ سخت بیمار ہو گئے اور آپ کو واپس لوٹنا پڑا۔دورانِ سفر راہ میں آپ کا بحری جہاز تْند ہواؤں کے سبب اٹلی کے شہر سِسلی جا پہنچا۔ آپ مقدس فرانسس کے شہر ا سیسی بھی گئے۔آپ بہت سی خوبیوں کے مالک تھے۔آپ خدا کا کلام عمدہ طریقے سے بیان کرتے تھے۔ لوگ آپ سے کلام سننے کے لیے آتے تھے۔ آپ کی منادی کے سبب ایمان سے انکاری، مجرم اور گنہگار سب خداوند کی طرف لوٹ آئے۔ ایک دفعہ جب آپ پادوا نامی علاقے میں اپنے ایک دوست کے ہاں رات بسر کرنے کے لیے ٹھہرے تو آپ کے دوست نے دیکھا کہ آپ کا کمرہ نور سے بھرا ہوا ہے۔ جب اْس نے جھانک کر دیکھا تو اْس کی حیرت کی انتہا نہ رہی کیونکہ ایک میز پر پڑی ہوئی کھلی کتاب کے اوپر ایک خوبصورت بچہ تھا۔جس نے اپنے دونوں ہاتھ مقدس انتھنی کے گلے میں ڈالے ہوئے تھے اور یہ بچہ یسوع مسیح تھا۔ جب یہ منظر آنکھوں سے اْوجھل ہوا تو آپ نے اپنے دوست سے وعدہ لیا کہ وہ اِس رویا کا ذکر جب تک مقدس انتھنی زندہ رہیں کسی سے نہ کرے۔ فرانسسکن جماعت اور خدمت میں 10 سال رہنے کے بعد آپ نے 13 جون 1231 کو وفات پائی۔ 17 جون 1231 بروز منگل آپ کے مقدس جسم کو سپرد خاک کیا گیا۔مقدس انتھنی کے عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے اْن کے جنازے میں شرکت کی۔ آہستہ آہستہ مقدس انتھنی کی عقیدت دنیابھر میں پھیل گئی۔
جو کوئی بھی مقدس انتھنی سے دْعا کرتا ہے اْسے برکات ملتی ہیں۔ کسی کو اولاد کی برکت، کسی کو شفا کی برکت،کسی کی کھوئی ہوئی چیز مل جانے کی برکت نیز بہت سے لوگوں کی زندگی کی رکاوٹیں دْور ہوتی ہیں۔ خدا اپنے بندے مقدس انتھنی کی دْعا کو سنتا ہے۔ معمولی سے معمولی اور قیمتی سے قیمتی چیزڈھونڈ نکالنے کی بین الاقوامی شہرت مقدس انتھنی کو حاصل ہے۔ ابتدائی ایام میں اس کے بارے میں بہت سی روایات اور واقعات کا ذکر ملتا ہے جن میں معجزانہ طریقے سے گمشدہ چیزیں واپس مل گئیں۔ صدیوں سے کروڑوں انسان اپنی ضرورتوں کو لیے اِن کی زیارت گاہوں پر منگل کے روز جاتے ہیں۔
اس عقیدت اور عبادت نے نوینے کی شکل اختیار کر لی ہے جو لگاتار نو دن کا بھی ہو سکتا ہے، نو منگل کا اور لگاتار 13 منگل کا بھی۔ المختصر منگل مقدس انتھنی سے دْعا کا خاص دن ہے۔
مقدس انتھنی نے ایک روشن ستارے کی مانند ہے۔ جس کی روشنی کبھی چھپ نہیں سکتی۔ اْن کے چراغ ہمیشہ روشن رہیں گے جو اْنہوں نے اپنے ایمان کی شمع سے جلائے ہیں۔ خدا نے اپنے بندے مقدس انتھنی کو معجزات کرنے کا توڑا عطا کیا ہے۔ان کے اعلیٰ ذاتی اوصاف، ہمہ پہلو شخصیت سے اِن کے سچے پرستار متاثر ہیں۔ وہ پاک یوخرست کے سچے شیدائی تھے۔ خدا نے انہیں بدعتوں کو ختم کرنے کا بھرپور جذبہ عطا کر رکھا تھا۔ انہوں نے اپنے زمانے کے سود خوروں سے اٹلی کے غریب عوام کو آزاد کروایا۔
آئیں ہم سب بھی مقدس انتھنی سے دْعا کریں اور اْن کی سفارشات چاہیں تاکہ خدا مقدس انتھنی کی دعاؤں اور سفارشوں سے ہم سب کی دلی مْرادیں پوری کرے۔آمین
اے مقدس انتھنی ہمارے واسطے دْعا کر!
Daily Program
