کرسمس کا تہوار محبت، امن، مفاہمت اور سلامتی کا پیغام لے کر آتا ہے۔ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد

مورخہ 21دسمبر 2024 کو سالانہ کرسمس بین المذاہب ہم آہنگی کی تقریب منعقد ہوئی۔اس تقریب کے مہمانِ خصوصی فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد تھے۔اس تقریب میں سینیٹر خلیل طاہر سندھو، مرکزی اسپیکر حافظ اقبال رضوی، سردار رنجیت سنگھ، علامہ زاہد حسین کاظمی، پیر عصمت، ریورنڈ فادر سرفراز سائمن اور فادر اعظم صدیقی، بابو ساجد امین کھوکھر،مسٹر فریاد فرانسس، فادر آصف جان۔وکر جنرل، بابو فرحان کھوکھر، کاہن صاحبان اور مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرسمس کا تہوار محبت، امن، مفاہمت اور سلامتی کا پیغام لے کر آتا ہے۔ یہ دن ہمیں سکھاتا ہے کہ پرامن معاشرہ کیسے بنایا جائے۔  انہوں نے مزید کہا کہ مسیحیت امن کا پیغام دیتی ہے۔ کیتھولک چرچ 2025 میں جوبلی سال منا رہا ہے، جس کا موضوع ”امید کے زائرین“ ہے۔ آئیے ہم سب بھی امید کے ساتھ جییں اور پوری دنیا میں ایک انصاف پسند معاشرہ بنائیں۔
 ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمان نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں مذاہب کا کلیدی کردار  ہوتا ہے۔ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بھی وطن عزیز میں تمام مذاہب کو یکساں حقوق کی فراہمی پر زور دیا تھا۔ 
 مذاہب کو یکساں حقوق کی فراہمی پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے  یقین دہانی کرائی کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے  قومی کمیشن برائے اقلیتوں کی تشکیل نو کا عمل جاری ہے اور اس کمیشن کو مکمل طور پر بااختیار بنانے کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزارِت مذہبی امور نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مسودہ کابینہ کو بھجوا دیا ہے۔ اقلیتی کوٹہ بڑھانے کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی سطح پر بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ تمام مذاہب کی عبادت گاہوں اور تاریخی مقامات کو مکمل تحفظ فراہم کرنے اور انہیں پْرکشش بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
تقریب سے سینیٹر خلیل طاہر سندھو، مرکزی اسپیکر حافظ اقبال رضوی، سردار رنجیت سنگھ، علامہ زاہد حسین کاظمی، پیر عصمت، ریورنڈ فادر سرفراز سائمن اور فادر اعظم صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے مسیحی برادری کے کردار کو سراہا۔ 
 تقریب کے اختتام پر کرسمس کا خصوصی کیک کاٹا گیا۔

Daily Program

Livesteam thumbnail