پاک روزری کی عبادت کو اپنا معمول بنائیں۔ پاپائی سفیر فضیلت مآب آرچ بشپ جرمانو پینے موتے
مورخہ 11 فروری 2025 کو راولپنڈی۔اسلام آباد ڈایوسیس کی مائنر سیمنری میں خاتونِ لوردس کی عید منائی گئی۔اس موقع پر پاپائی سفیر فضیلت مآب آرچ بشپ جرمانو پینے موتے نے فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد او رریورنڈ فادر آصف جان۔وکر جنر ل آف راولپنڈی۔اسلام آباد ڈایوسیس کے ہمراہ پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی۔ پاک ماس میں سیمنری کے اساتذہ، سسٹر صاحبات اور طلباء نے شرکت کی۔پاک ماس کے بعدسیمنریرینز نے مختلف پروگرام پیش کیے، جن میں مبارک کنواری مریم کے بارے میں ڈرامہ بھی شامل تھا۔
پاپائی سفیر فضیلت مآب آرچ بشپ جرمانو پینے موتے نیاظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ خاتونِ لوردس کی عید اْن تمام واقعات کو یاد کرتی ہے جب مقدسہ مریم 11 فروری 1858 میں پہلی بار فرانس کے ملک کے ایک چھوٹے سے قصبے لوردس کی ایک نوجوان لڑکی برنادت پر ظاہر ہوئی تھی جو کہ ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتی تھی۔ برنادت پڑھنا لکھنا نہیں جانتی تھی اور مذہبی تعلیم میں بھی کمزور ہونے کی وجہ سے مختلف مذہبی امور کو سمجھنے میں دشواری محسوس کرتی تھی۔لیکن یہ لڑکی نہایت ہی نیک اور سادگی پسند تھی۔خدا کے بارے میں جاننے کے لیے ہر وقت بہتاب رہتی تھی۔مقدسہ ماں مریم نے برنادت کو روزی کی عبادت کے لیے کہا۔ اس طرح مقدسہ مریم برنادت پر وقتاً فوقتاً 18 مرتبہ ظاہرہوئیں اور ہر بار یہ ہدایت دیتی رہیں کہ لوگوں کو بتایا جائے کہ دْعا اور ریاضت کو اختیار کریں۔نیز گنہگاروں کی تبدیلی کے لیے باقاعدہ روزی پڑھیں۔ لوردس کے مقام پر جہاں مقدسہ مریم ظاہر ہوئی بہت سے معجزات ہوئے اور آج بھی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن صرف اْن معجزات کی یاد میں ہی نہیں منایا جاتا بلکہ مقدسہ مریم کی عمومی زندگی خصوصاً ان کی پاکیزگی کو بھی خصوصی طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ا ٓخر میں انہوں نے تمام شرکا کو نصیحت کی کہ پاک روزری کی عبادت کو اپنا معمول بنائیں۔
آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقدسہ مریم جو ہمیں پیار کرتی اور ہماری شفاعت کرتی ہے خدا نے اسے مقرر کیا ہے کہ وہ ہمیں ایمان کی سچائیاں سمجھائیں اور اس دنیا میں زندگی بسر کرنے میں مدد دیں۔آئیے ہم اس کی پاکیزگی کی تعظیم کریں اور اس کی روزری کی عبادت سے ایمان میں مضبوط رہیں۔ آخر میں ریورند فادر آصف جان نے تمام شرکاء اور بالخصوص سیمنرینز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پورے پروگرام کا اہتمام کیا۔
Daily Program
