فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹریوس کے دست ِ مبارک سے قومی زیارت گا ہ مریم آباد میں نئی پہاڑی برکت
مورخہ 24اگست 2024کو آرچ ڈایوسیس آف لاہور کے اپوسٹولک ایڈمنسٹریٹر فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹریوس نے پاکستان کی قومی زیارت گاہ مریم آباد کا دورہ کیا۔مریم آباد کی کلیسیا کی جانب سے بشپ جی کو کلہ اور مالا پہنا کر پْر تپاک استقبال کیا گیا۔ ریورنڈ فادر طارق جارج ریکٹر مریم آباد نے مقدسہ مریم کی نئی پہاڑی کی تعمیر کے سفر پر روشنی ڈالی جس کی بنیاد مئی 2024 میں رکھی گئی تھی۔ فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹریوس نے مریم آباد میں تعمیر شْدہ نئی پہاڑی کا افتتاح کیا اور پاک پانی چھڑک کر برکت دی۔
اس بابرکت موقع پر اقدس یوخرستی عبادت خدا کی نذر گزرانی گئی۔جس کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹریوس نے فرمائی۔جبکہ معاونت ریورنڈ فادر طارق جارج ریکٹر مریم آباد اور ریورنڈ فادر آصف سردار وِکر جنرل نے کی۔دوران وعظ فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹریوس نے مقدسہ ماں کی عظمت اور فضیلت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مقدسہ ماں خدا کی محبت اور فرمانبرداری کی مثال ہے۔ مقدسہ مریم کی زندگی کا نچوڑ اسی جملے میں ہے جب ماں مریم نے کہا کہ دیکھ میں خدا کی بندی ہوں میرے لئے تیرے قول کے موافق ہو۔ہمیں بھی بالکل اسی طرح اپنی زندگیوں میں خدا کی مرضی کو جاننا اور پہچانا ہے تاکہ مقدسہ ماں کی سفارشوں کی بدولت خدا سے برکات پائیں۔بعد ازاں بشپ جی نے مریم آباد کی کمیونٹی کو نئی پہاڑی کی تعمیر پر مبارک باد دی اور کہا خدا کرے یہ زیارت گاہ نئی نسل کی ایمانی اور روحانی آبیاری کرتی رہے۔آخر میں ریورنڈ فادر طارق جارج ریکٹر مریم آباد نے فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹریوس اور زیارت کمیٹی کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا۔