پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے ہنگری بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے پولش زائرین کے لیے دْعا کی
مورخہ 19اگست 2026کوپوپ لیو چہاردہم نے ہنگری میں پیش آنے والے ایک المناک بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے پولش زائرین کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اْن کے لیے خصوصی دعاؤں کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے ہنگری میں پیش آنے والے اس دلخراش ٹریفک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا، جس میں میدجوگورجے(Medjugorje) سے واپس آنے والے پولش زائرین کو لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہوئی۔ حادثے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 10 شدید زخمی ہوئے۔
پوپ لیو کی جانب سے تعزیتی ٹیلی گرام ویٹیکن کے سیکریٹری آف اسٹیٹ کارڈینل پیئترو پارولین نے ان علاقوں کے بشپ صاحبان، آرچ بشپ آدم شال، آرچ ڈایوسیس آف پشیمیشل، اور بشپ یان وونٹروبا، آرچ ڈایوسیس آف ریشوف، کے نام ارسال کیا جہاں سے یہ زائرین تعلق رکھتے تھے۔
انہوں نے اس المناک واقعہ سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ اپنی روحانی قربت کا اظہار کیا۔پوپ لیو نے اْن مردوں اور خواتین کے لیے خصوصی دْعائیں پیش کیں جو، ”اپنے زیارتی سفر سے واپس آتے ہوئے، اپنے زمینی سفر کے اختتام کو پہنچ گئے۔“انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کو خدا کی رحمت کے سپرد کیا اور دْعا کی کہ خدا اْن کے اہلِ خانہ کو تسلی اور حوصلہ عطا فرمائے۔
