میں روزانہ لبنان کے لوگوں کے لیے دْعا کرتا ہوں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم

مورخہ 18مئی 2026کو، آرمنی اپوسٹولک چرچ کے عزت مآب اِرم اوّل نے ویٹیکن میں پوپ لیو سے ملاقات کی۔ یہ عزت مآب اِرم کی پوپ لیو کے ساتھ پہلی سرکاری ملاقات تھی۔ اس موقع پر پوپ لیو نے کہا کہ وہ  لبنان کے عوام کے لیے خصوصاً لبنان اور مشرقِ وسطیٰ کے گرجا گھروں کے لیے روزانہ دْعا کرتے ہیں۔ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے اپوسٹولک پیلس کے اربن ہشتم چیپل میں اکٹھے دْعا بھی کی۔ویٹیکن میں ہونے والی اس ملاقات میں پوپ لیو نے ایمان کی اہمیت، مسیحیوں کے درمیان مشترکہ تعلق اور مسیح کے پیروکاروں کے درمیان اتحاد کی گواہی دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
پوپ نے کیتھولکس آف سیلیشیا کی ان کوششوں پر شکریہ ادا کیا جن کے ذریعے انہوں نے کیتھولک چرچ کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے اور روم کے چرچ کے قریب رہنے کی کوشش کی۔انہوں نے یاد دلایا کہ دونوں کلیسیاؤں کے درمیان مذہبی مکالمہ 2003 سے”جوائنٹ انٹرنیشنل کمیشن فار تھیولوجیکل ڈائیلاگ“کے تحت جاری ہے، اور اْمید ظاہر کی کہ یہ مکالمہ یونہی جاری رہے گا۔پوپ لیو نے کہا کہ جب تک ایمان میں یکجہتی نہیں ہوگی، ہماری کلیسیا کے درمیان مکمل اتحاد کی بحالی ممکن نہیں۔پوپ لیو نے کہا کہ لبنان طویل عرصے سے دنیا کے لیے ایک مثال رہا ہے کہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے لوگ ایک قوم کے طور پر ساتھ رہ سکتے ہیں، تاہم یہ ملک اب بھی سنگین مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جب آپ کے ملک کی وحدت اور سالمیت دوبارہ خطرات سے دوچار ہے، ہمارے گرجا گھروں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مسیحیوں کے درمیان ہی نہیں بلکہ دیگر برادریوں کے ساتھ بھی بھائی چارے کے تعلقات کو مضبوط کریں۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ میں روزانہ لبنان کے عوام اور مشرقِ وسطیٰ کے گرجا گھروں کے لیے دْعا کرتا ہوں اور اْن کی صورتحال میرے دل کے قریب ہے۔