مسیحیوں کو مل کر اتحاد اور امن کے فروغ کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔ پاپائے اعظم لیو چہاردہم

مورخہ 26اگست 2026کو پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے ناروے کے لوتھرن بشپ صاحبان سے ملاقات کے دوران تمام مسیحیوں پر زور دیا کہ وہ موجودہ پُرتشدد اور بے یقینی کے دور میں امن اور انصاف کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں۔اپنے خطاب میں پوپ لیو نے بشپ صاحبان کو ابتدائی مسیحیوں اور شہداء سے وابستہ مختلف مقدس مقامات کی زیارت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ اِن مقدس شخصیات کی زندگیاں آج کے مسیحیوں کے لیے بھی ایمان کی تحریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان شہداء اور ابتدائی مسیحیوں کی مثال ہمیں بھی اس بات کی ترغیب دیتی ہے کہ ہم خدا کے جلال اور اپنے بہن بھائیوں کی بھلائی کے لیے اپنی زندگیاں وقف کریں۔
انہوں نے موجودہ دنیا کو درپیش مشکل حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اس وقت ایک انتہائی مشکل دورسے گزر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اقوام کے درمیان دشمنی میں اضافہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے، جو صرف بین الاقوامی تنازعات اور اختلافات تک محدود نہیں بلکہ خود مختلف ممالک کے اندر بھی نظر آتی ہے۔ ان کے مطابق سیاسی اور سماجی گفتگو میں بڑھتی ہوئی تلخی بھی اسی صورتِ حال کی عکاسی کرتی ہے۔
پوپ لیو چہاردہم نے کہا کہ خطرہ اس بات کا بھی ہے کہ ہمارے مسیحی بہن بھائی بھی ان لوگوں کے خلاف دشمنی کا رویہ اختیار نہ کر لیں جن کے خیالات ان سے مختلف ہیں۔تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ مسیحیوں کو دشمنی کی بجائے مصالحت، بھائی چارے اور اتحاد کی راہیں تلاش کرنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ مسیح یسوع ہمیں ایک مختلف راستہ دکھاتے ہیں اور ہمیں یہ بتاتے ہیں کہ بھلائی اور محبت میں دشمنی کو ختم کرنے کی طاقت موجود ہے۔
پوپ لیو نے کہا کہ لوتھرن بشپ صاحبان کا روم آنا مسیحیوں کے درمیان اتحاد اور باہمی رفاقت کے فروغ کی خواہش کا اظہار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بظاہر چھوٹے اقدامات بھی مصالحت کی راہ پر ہماری رہنمائی اور حوصلہ افزائی کر سکتے ہیں۔پوپ لیو چہاردہم نے اس موقع پر یسوع مسیح کی وہ دْعا بھی یاد دلائی جس میں انہوں نے اپنے شاگردوں کے اتحاد کے لیے دْعا کی تھی تاکہ دنیا ایمان لائے۔
آخر میں پوپ لیو چہاردہم نے کہاکہ آئیے ہم خدا سے برکت کی دْعا مانگیں تاکہ اپنی لامحدود بھلائی اور حکمت میں وہ ہماری مدد کرے کہ ہم حقیقی معنوں میں بہن بھائیوں کی طرح زندگی بسر کریں اور یوں ملِ کر اپنے نجات دہندہ، ہمارے خداوند یسوع مسیح کی گواہی دیں۔

Daily Program

Livesteam thumbnail
Urdu Survey Popup