لائٹ ہاوس آف جینوا
لائٹ ہاوس آف جینوا یورپی ملک اٹلی کے شہر جینوا کی بندرگاہ پر صدیوں سے مضبوطی سے کھڑا ہے۔ سمندری مسافروں کو راستہ دیکھنے کے ساتھ اس ٹاور کو جینوا شہر کی تاریخی علامت کی حیثیت بھی حاصل ہے۔یہ دنیا کا پانچواں سب سے بلند مینارہ ہے جبکہ اس کے فنِ تعمیر کی وجہ سے اسے دنیا کا دوسرا بلندترین ”روایتی مینارہ“ بھی کہا جاتا ہے۔
صدیوں تک موسموں کی سختیاں اور کئی جنگی یلغاریں جھیلنے کے بعد 1543ء میں ”لائٹ ہاوس آف جینوا“ کو ازسرنو تعمیر کیا گیا تھا اور یہ آج تک کام کر رہا ہے۔مکمل طور پر پتھروں سے بنائے گئے ”لائٹ ہاؤس آف جینوا“ کی اُونچائی249 فٹ ہے۔
یہ تاریخی لائٹ ہاوس 134فٹ بلند پہاڑ پر قائم ہے۔اس تاریخی لائٹ ہاوس کی ابتدائی تعمیر 1161ء اور 1128ء کے درمیان کی گئی تھی۔ یہ پہلا مینارہ تھا کہ جس پر لگے لالٹین کو 1326ء سے زیتون کے تیل سے روشن کیا جانے لگا تھا۔
ٹاور کی چوٹی پر ایک خوبصورت قندیل ہے جس میں پانچ اور بیس سیکنڈ کے وقفے سے روشنی چمکتی ہے اور 25سمندری میل سے باآسانی نظر آتی ہے۔ 1956ء میں ٹاور کی آخری بار تزئین و آرائش کی گئی تھی جبکہ لائٹ ہاوس کا نظام بھی خودکار بنا دیا گیا۔