مقدسہ برجتا
آپ 303 1میں سویڈن کے مقام اْسپالا میں ایک شاہی خاندان میں پیدا ہوئیں۔ آپ ابھی سات برس ہی کی تھیں جب خداوند یسوع مسیح کے دْکھوں کا بیان سننے کے بعد رات کے وقت خداوند یسوع مسیح خون اور پسینے سے شرابور صلیب پر لٹکے ہوئے آپ سے ہم کلام ہوئے اور اپنی اذیت بیان کی۔ اس واقعے نے آپ پر گہرا اثر چھوڑا۔ آپ کی والدہ کی وفات کے بعد آپ کی تعلیم و تربیت آپ کی ایک نہایت ایماندار رشتہ دار خاتون کے ہاتھوں ہوئی۔ چودہ برس کی عمر میں آپ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔ خدا نے آپ کو آٹھ خوبصورت بچوں سے نوازا۔جن میں کچھ خدا کے بہت قریب تھے۔1365 میں سویڈن کے شہنشاہ نے آپ کو خدمت کے لیے اپنے دربار طلب کیا۔ آپ بالخصوص ملکہ کی مشیر خاص تھی۔ آپ نے اپنی سادگی،حلیمی اور دْعائیہ زندگی کے ساتھ شہنشاہ اورملکہ کو بہت متاثر کیا بلکہ آپ کا چر چا یہاں تک ہوا کہ بہت سارے لوگ جن میں کاہن اور ماہرِ علمِ الہیات بھی شامل تھے، فیض حاصل کرنے آتے تھے۔جب آپ کے ایک چھوٹے بیٹے کی وفات ہوئی تو آپ نے ایک مقدس مقام کی زیارت کرنے کا فیصلہ کیا۔یہ وہ وقت تھا جب ایک بار پھر آپ کو خداوند یسوع مسیح کی رویا نصیب ہونا شروع ہوئیں۔ زیارت کرنے کے بعد جب آپ واپس لوٹیں تو آپ نے فیصلہ کیا کہ آپ اور آپ کے شوہر باقی ماندہ زندگی راہب خانوں میں گزاریں گے۔ تاہم 1344 میں آپ کے شوہر وفات پا گئے۔ اب آپ نے سب کچھ چھوڑ دیا اور مکمل طور پر درویشانہ زندگی اختیار کرلی۔تاہم ایک روحانی رہنما نے آپ کی مدد کی تاکہ آپ ان باتوں کو سمجھ سکیں جو آپ پر منکشف ہوتی تھی۔ اسی راہب نے آپ کی بیان کردہ رویہ جات کو لاطینی زبان میں قلمبند کیا۔ آپ نے اس زمانے میں ایک منفرد تجربہ کیا آپ نے بادشاہ سے مالی مدد حاصل کرکے ایک بہت بڑا راہب خانہ بنوایا دو الگ الگ حصوں میں خواتین اور مرد راہب اور راہبات رہتی تھیں۔ تاہم عبادت کے لئے سب ایک ہی جگہ جمع ہوتے تھے۔ جبکہ آج کل یہ سلسلہ ختم ہوچکا ہے۔1350میں سالِ مقدس منانے کی غرض سے آپ روم روانہ ہوئیں اور 24 برس وہیں رہیں۔ پھر 1371میں عرض پاک کی زیارت کے لیے گئیں۔ اس دور میں آپ نے شہنشاہوں کے درمیان صلح اور مفاہمت کروائی نیز پاپائے اعظم کو فرانس سے روم واپس لانے میں کردار ادا کرتی رہیں۔ آپ خاص طور پر لوگوں کو یسوع کے دکھوں کے بارے میں تعلیم دیتی تھیں۔
زندگی کے آخری ایام میں آپ کو بیماری نے آ گھیرا اور آپ نے بڑی جرات اور بہادری کے ساتھ تمام دْکھ اور تکلیفیں سہیں۔ آپ کی آخری گھڑی کے موقع پر آپ کی بڑی بیٹی اور بیٹا آپ کے ساتھ تھے۔ آپ نے انہیں اس موقع پر آخری نصیحت کی۔ اقدس یوخرست حاصل کیا اور 23 جولائی 1977 کو خداوند میں ابدی نیند سو گئیں۔