سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل لاہور میں ہفتہ دْعا برائے مسیحی اتحاد کا آغاز
مورخہ 18تا 25جنوری 2026کوکیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ اور بین الکلیسیائی اتحاد کے زیر اہتمام مسیحی اتحاد کے لیے دْعاؤں کا ہفتہ 2026ء بھرپور روحانی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس ہفتہ کا باقاعدہ آغاز 18 جنوری 2026ء کو سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل، لاہور میں ایک پُروقار افتتاحی دعائیہ تقریب کے ساتھ ہوا۔ جس میں مختلف کلیسیاؤں کے مذہبی رہنماؤں نے اتحاد، امن اور بھائی چارے کی علامت کے طور پر شمعیں بھی روشن کیں۔اس سال مسیحی اتحاد کے ہفتہ کا موضوع ہے:
”ایک ہی بدن ہے اور ایک ہی رْوح، جس طرح تم اپنے بلائے کی ایک ہی اْمید کے لیے بلائے گئے ہو“۔(افسیوں 4:4)
افتتاحی تقریب میں ریورنڈ فادر آصف سرداروِکر جنرل آرچ ڈایوسیس آف لاہور،چرچ آف پاکستان بشپ ڈاکٹر آزاد مارشل، کاہن صاحبان، مذہبی راہباؤں، مختلف کلیسیاؤں کے پاسڑز اور بڑی تعداد میں مومنین نے شرکت کی۔ شرکاء کی موجودگی کو مسیحی اتحاد کے لیے ”مشترکہ وابستگی اور عملی عزم“ کی ایک نمایاں علامت قرار دیا گیا۔
تقریب میں خصوصی دعاؤں کے دوران مقررین نے کہا کہ مسیحی اتحاد کا یہ ہفتہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم سب مسیح میں ایک ہیں اور آج کے دور میں کلیسیا اور مسیحی برادری کے لیے ضروری ہے کہ وہ اختلافات سے بالاتر ہو کر محبت، اُمید، قربانی اور خدمت کے پیغام کو ناصرف اپنائے بلکہ اسے عام بھی کرے۔
کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ و اتحاد کے مطابق اس ہفتہ کا مقصد مختلف کلیسیائی روایات اور مسیحی فرقوں کے درمیان قربت، مکالمہ، باہمی احترام اور مشترکہ خدمت کے جذبے کو فروغ دینا ہے تاکہ معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے۔
آخر میں دْعا کی گئی کہ روح القدس تمام مسیحیوں کو مسیح میں مزید گہری رفاقت، سمجھ بوجھ اور اْمیدعطا فرمائے اور اتحادِ کلیسیا کے سفر کو مزید مضبوط بنائے۔
واضح رہے کہ کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ و اتحاد اپنے قیام کے 40 سال مکمل ہونے (1985–2025) کی مناسبت سے بھی مختلف سرگرمیاں منعقد کر رہا ہے جبکہ آرچ ڈایوسیس آف لاہورکی سطح پر بھی اس ہفتہ کے دوران خصوصی دعائیہ اجتماعات اور روحانی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔