Radio Veritas Asia Buick St., Fairview Park, Queszon City, Metro Manila. 1106 Philippines | + 632 9390011-15 | +6329390011-15
اپنے دادادادی اورنانا نانی کی عزت کریں۔پوپ فرانسس
مورخہ 16جون 2023کو پوپ فرانسس نے دادا دادی،نانا نانی کی عزت کرنے اور انہیں کبھی نہ چھوڑنے کے مطالبے کے ساتھ، 23 جولائی کو گرینڈ پیرینٹس اور بزرگوں کے تیسرے عالمی دن کے لیے پیغام جاری کیا اور کہا کہ آئیے ہم اْن کی عزت کریں، نہ تو خود کو اْن کی صحبت سے محروم کریں اور نہ ہی انہیں اپنے سے محروم ہونے دیں۔پوپ فرانسس نے 2021 میں اس دن کا آغاز کیا تھا۔ ان کے خیال میں، دادا دادی اور نانا نانی زندگی و ایمان کے تجربے کو نوجوانوں تک منتقل کرتے ہیں۔وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ نوجوان، بوڑھوں کے ساتھ اپنے تعلقات کے ذریعے، یہ سمجھیں گے کہ انہیں ایک بہت بڑی تاریخ کا حصہ بننے کے لیے بلایا گیا ہے۔ مزید کہا کہ بزرگوں کی زندگی میں ایک نوجوان کی موجودگی انہیں اْمید دلاتی ہے کہ ان کا تجربہ ضائع نہیں ہو گا۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بزرگوں کو کتنی بار افسوسناک طور پر ایک طرف دھکیل دیا جاتا ہے،اور انہوں نے اپیل کی ہے کہ ہم بزرگوں کو کبھی نہ بھولیں۔
پوپ فرانسس نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ خاندانوں اور برادریوں میں بزرگوں کی موجودگی ایک قیمتی اثاثہ ہے کیونکہ انہی کی بدولت ہمیں خدا کے مقدس لوگوں سے تعلق رکھنے کا تحفہ ملا ہے۔ کلیسیاکے ساتھ ساتھ معاشرے کو بھی اْن کی ضرورت ہے، کیونکہ وہ حال کو ماضی کے حوالے کرتے ہیں جو مستقبل کی تعمیر کے لیے ضروری ہے۔
آخر میں پوپ فرانسس نے اْن نوجوانوں سے جو لزبن میں نوجوانوں کا عالمی دن منانے کے لئے آرہے ہیں، انہیں نصیحت کی ہے کہ وہ اپنے سفر پر نکلنے سے پہلے اپنے دادا دادی،نانا نانی یا اکیلے رہنے والے کسی بزرگ سے مل کر جائیں۔اْن کی دعائیں آپ کی حفاظت کریں گی اور آپ اس ملاقات کی برکت کو اپنے دل میں لے جائیں گے۔
Add new comment