کرسمس بین المذاہب پروگرام

کرسمس بین المذاہب پروگرام

19 دسمبر 2022 کو  بلیو لیگون ہوٹل راولپنڈی  میں عزت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد (بشپ آف اسلام آباد-راولپنڈی)  کی جانب سے کرسمس کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے بین المذاہب پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مکاتبِ فکر، مذاہب اور کلیسیائی راہنماؤں نے شرکت فرمائی۔
اس دن کے مہمان خصوصی آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد، مولانا حافظ محمد اقبال رضوی، جناب صغیر وٹو، پیر عصمت، علامہ علی حسین عارف، انور سنگھ اور پنڈت راکیش چند تھے۔ اس کے علاوہ قاضی ظہور الٰہی قادری، شوکت عباس جعفری، چوہدری تنویر اسلم، شیخ محمد صدیقی، ملک اعجاز، طاہر چوہدری، ریورنڈ فیئر سمیت کئی دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ سرفراز سائمن، ریورنڈ فادر ڈیوڈ انوش، ریورنڈ فادر آصف جان، ریورنڈ فادر جان ویانی، بابو ساجد امین، حارث غوری اور دیگر کئی معروف شخصیات نے اِس پروگرام میں شرکت فرمائی۔ 
ریورنڈ فادرآصف جان نے افتتاحی دُعا میں راہنمائی فرمائی جبکہ  ریورنڈ فادر سرفراز نے پروگرام میں سب کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے ذکر کیا کہ یسوع مسیح کی  ولادت کا تفصیلی بیان مقدس بائبل کے ساتھ ساتھ قرآن پاک میں بھی موجود ہے 
اور ہر عقیدہ یسوع مسیح کی دوسری آمد پر بھی یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے ملک میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا۔
بعد ازاں تقریب میں مہمانوں کا باضابطہ استقبال کرنے کے لیے گلدستے پیش کیے گئے۔ اس دن کے مقررین میں پنڈت راکیش چند، ملک بابر، شیخ محمد حفیظ، انسپکٹر اقبال، پیر عصمت، علامہ علی حسین عارف، صغیر وٹو اور مولانا اقبال رضوی شامل تھے۔ ہر رہنما نے تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور ملک میں متنوع عقائد کے لوگوں کے درمیان بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے محترم آرچ بشپ جوزف ارشد کی کوششوں کو سراہا۔
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے پروگرام میں شرکت کرنے پر تمام مذہبی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خداوند یسوع مسیح کی پیدائش ہم سب کے لیے محبت اور امن اور امید کا پیغام لاتی ہے۔ یسوع کی پیدائش اس امید کی یاد دہانی ہے جو ہمیں خدا میں ہے۔ جیسا کہ یسوع نے کہا کہ ایک دوسرے سے محبت کرو اور اپنے پڑوسی سے اپنے برابر پیار کرو۔ جو شخص خدا سے محبت کرتا ہے وہ دوسرے لوگوں سے بھی محبت کرتا ہے۔ اور یہی کرسمس کا حقیقی پیغام ہے۔آخر میں بشپ جی نے تمام حاضرین کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا۔ 
 

Add new comment

11 + 5 =