مقدسہ میری یُوفراسیا (خدا کی چنیدہ اور عظیم مقدسہ)

عالمگیر کلیسیاء 24اپریل کو مقدسہ میری یُوفراسیاکی عید مناتی ہے۔ لطوریائی سال کے دوران مختلف مقدسین کی عیدیں منائی جاتی ہیں۔ مقدسین وہ ہستیاں ہیں جنہوں نے اپنی زندگی میں خداوند یسوع مسیح کے پیار کا گہرا تجربہ کیا اور اُسی محبت میں سرشار ہو کر اپنے آپ کو مکمل طور پر انجیل کے پرچاراور بنی نوع انسان کی خدمت کے لیے وقف کر دیا۔ انہوں نے اپنی زمینی زندگی میں اپنے اعمال و کردار سے یسوع مسیح کے نام کی گواہی دی اور آج عرشِ بریں میں ہمارے لیے دُعائیں اور سفارشات کرتے ہیں۔ 
ہر وہ شخص جو کہ خدا کا مخصوص اور چنیدہ ہے، مقدس ہونے کے لیے بلایا گیا ہے۔ اِسی لیے مقدس پولوس رسول اپنے خطوط میں تمام مسیحیوں کے مقدس کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔ 
''پولوس کی طرف سے جو مسیح یسو ع کا بندہ اور بلایا ہوا رسول ہے۔۔۔۔اُن سب کے نام جو روما میں خدا کے پیار اور بُلائے ہوئے مقدس ہیں۔ ہمارے باپ خدا اور خداوند یسوع مسیح کی جانب سے تمہیں فضل اور سلامتی حاصل ہو۔ (رومیوں 1:1-7)''
مقدسہ میری یُوفراسیا''گڈ شیپرڈ سسٹرز(Good Shepherd)'' کی جماعت کی بانیہ ہیں جو 1796میں فرانس کے ایک چھوٹے سے جزیرے نورمیٹا میں پیدا ہوئیں۔ آپ بچپن ہی سے خدا کی قربت اور پیار میں بڑھتی گئی۔ مقدسہ میری یُوفراسیاخدا کی چنیدہ اور عظیم مقدسہ ہیں جنہوں نے یسوع اچھے چرواہے کو اپنی زندگی کا مرکز اور محور بناتے ہوئے اپنی ذات میں وہ تمام صفات پیدا کیں جو ''یسوع نیک چوپان''میں تھیں اور اُسی کی پیروی کرتے ہوئے معاشرے کے رد کیے ہوؤں، بھٹکی ہوئی لڑکیوں اور خواتین کو زیادہ پیار کیا اور اُن کی زندگی بدلنے کی کوشش کی، جیسے یسوع نے سامری عورت اور گنہگار عورت کو بچا کر نئی زندگی بخشی۔ خداوند فرماتے ہیں،
''اچھا چرواہا میں ہوں۔ اچھا چرواہا بھیروں کے لیے اپنی جان دیتا ہے۔۔۔۔میں اپنی بھیڑوں کو جانتا ہوں اور میری بھیڑیں مجھے جانتی ہیں۔ جس طرح سے کہ باپ مجھے جانتا ہے اور میں باپ کو جانتا ہوں۔(یوحنا 10:11,14-15)''
جس طرح اچھا چرواہا نناواے بھیڑوں کو بیابان میں چھوڑ کر ایک کھوئی ہوئی بھیڑ کو ڈھونڈتا اور بچاتا ہے اُسی طرح مقدسہ میری یُوفراسیابھی فرماتی ہیں کہ ''ایک انسان کی قدر قیمت پوری دنیا سے زیادہ ہے''اور یہی گڈ شیپرڈ سسٹرز کا منشور ہے۔

Add new comment

4 + 4 =