ایسٹر کے مبارک موقع پر آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کا خصوصی پیغام

ایسٹر کے مبارک موقع پر
آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کا خصوصی پیغام
میر ے عزیز بھائیوں اور بہنو!
کلیسیائی روایات میں ایسٹر یعنی عید قیامت المسیح سب سے قدیم اَور بڑی عید ہے۔ خداوند یسوؔع مسیح کے جی اٹھنے پر ایمان درحقیقت مسیحی ایمان کی بنیاد ہے۔ مقدس پولوؔس رسول فرماتے ہیں کہ: ”اگر مسیح نہیں جی اٹھا تو ہماری منادی بے فائدہ ہے اور تمھارا ایمان بھی بے فائدہ ہے“ (1۔ قرنتھیوں 14:15)۔ اس لیے ہمارے ایمان کی اصل مسیح کا جی اٹھنا ہے۔ اور یہی خوشخبری ہے جس کی بشارت ساری دنیا میں دی جاتی ہے۔
    مسیح کی موت کے بعد شاگرد اپنے آپ کو تنہا محسوس کرتے تھے۔ یسوؔع کی موت کے حالات نے اُن میں ڈروخوف کو جنم دیا تھا اور وہ کم اعتقادی اور نا اُمیدی کا شکار ہو چکے تھے۔ اگر ہم آج اپنے معاشرے کا جائزہ لیں۔ ہم دیکھتے ہیں کہ انسان ہر طرف سے اپنی ہی بنائی ہوئی چیزوں کے خطرات میں گھِرا ہوا ہے۔ ایک انجانے خوف کی فضا ہے۔ لڑائی جھگڑے، فسادات، جنگیں، بم دھماکے، دہشت گردی، فرقہ واریت، حادثات، وبائیں، خاص طور پر کرونا وائرس کی موجودہ آفت، انسان ان تمام خطرات میں گھِرا ہوا ہے۔ اس لیے لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ یہ عدم تحفظ ہی ہم میں نا اُمیدی اور کم اعتقادی لے کر آتا ہے۔ یہ عدم تحفظ ہمیں بعض اوقات خدا سے بھی دور لے جاتا ہے اور ہمیں انسانوں سے دور کرتا ہے۔ اِس کمزوری بے یقینی اور نا اُمیدی کا صرف ایک ہی علاج ہے اور وہ ہے ”خدا پر بھروسہ“۔ خدا پر بھروسہ ہمیں طاقت اور قوت بخشتا اَور ہماری مشکلات اور تکلیفوں کو آسان کر دیتا ہے۔ عیدِ پاشکا ہماری زندگی سے ہر قسم کے ڈر اور عدم تحفظ کو ختم کرتی ہے اور ہماری نا اُمیدی کو اُمید میں بدلتے ہوئے زندگی کا پیغام دیتی ہے۔ اِس لئے ضروری ہے کہ ہم بھی شاگردوں کی طرح جی اُٹھے مسیح کا تجربہ اپنی زِندگی میں کریں۔
    مسیح درحقیقت جی اُٹھا ہے۔ مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ مسیح ہماری زِندگی میں بھی جی اُٹھے۔ آئیں عیدِ پاشکا مناتے ہوئے ہم اپنی زِندگی پر غور کریں کہ کیا مسیح ہماری زِندگی میں جی اُٹھا ہے؟ یا کیا مسیح کو آج بھی ہم نے اپنے گناہوں کی قبر میں دفن کیا ہوا ہے۔ مسیح درحقیقت جی اُٹھا ہے اَور اُس کا ہماری زِندگی میں جی اُٹھنا ہی ہماری عیدِ پاشکا ہے۔ دعا مانگیں کے خداوند یسوؔع کی موت پر فتح ہمیں بھی ابدی زِندگی کا وارث بنا دے، جس کا اُس نے وعدہ کیا ہے۔ 
    آخر میں ہم عیدِ قیامت المسیح کے مبارک موقع پر اپنے پیارے وطن پاکستان کے لئے بھی دعا مانگیں کہ خدا تعالیٰ ہمارے ملکِ پاکستان کو سلامت رکھے۔ نیز پاکستان میں بسنے والے لوگ ہمیشہ مل جل کر زندگیاں بسر کرتے ہوئے ملک کی خوشحالی اور تعمیروترقی میں اہم کردار ادا کرتے رہیں۔ آپ سب کو میر ی طرف سے عیدِ قیامت المسیح کی برکات حاصل اَور خوشیاں مبارک ہوں۔ آمین۔ 
 

Add new comment

3 + 6 =