ہر خاندان خدا کی نعمت اور کلیسیا کی مضبوطی کا باعث ہے۔ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد

خاندان کا سال

فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی جانب سے راولپنڈی اسلام آباد ڈیواسیس میں سال 2023 کو”خاندان کا سال“ قرار دیاگیا ہے۔جس کا موضوع”محبت،وفاداری اور تابعداری“ ہے۔ اس حوالے سے فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کے جاری چوپانی خط میں نکاح کے ساکرامنٹ کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ نکاح کے ساکرامنٹ  میں خدا شادی شدہ  جوڑوں کو برکت دیتا  اور اْن کے ازدواجی رشتے کو پاک ٹھہراتا ہے نیز یہ ساکرامنٹ تابعداری اور ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کرنے کا تقاضا بھی کرتا ہے۔
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے مزید کہا کہ ہماری روزمرہ کی چھوٹی چھوٹی تلخیاں اور بے وفائیاں دوری کا سبب بنتی ہیں۔کلیسیا حقیقی طور پر شادی شْدہ جوڑوں کی جرات مندانہ وفاداری کو ساکرامنٹ اورخدا کے فضل کا پھل سمجھتی ہے تاکہ اچھی ازدواجی زندگی کے ذریعے خدا کی گواہی دیں۔کیونکہ خاندان”زندگی کی معموری“سے بھرپور ہیں۔پس ہر خاندان خدا کی نعمت اور کلیسیا کی مضبوطی کا باعث ہے۔   
اپنے چوپانی خط کے اختتام پرفضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد  نے کہا کہ میری دْعا ہے کہ ہم سب پاک خاندان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے خدا کی بادشاہت کو اس دنیا میں عام کرنے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہیں اور اچھے مسیحی خاندانوں کی تشکیل دیں جو دنیا میں یسوع کی گواہی اور جلال کا سبب بنیں۔
 

Add new comment

1 + 13 =