Radio Veritas Asia Buick St., Fairview Park, Queszon City, Metro Manila. 1106 Philippines | + 632 9390011-15 | +6329390011-15
فضیلت مآب آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء کا مریم آباد میں پاسبانی دورہ
مورخہ 25جون2023کو فضیلت مآب آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء نے مریم آباد کا پاسبانی دورہ کیا۔مریم آباد گاؤں کے مومنین نے بشپ صاحب اور اْن کے ہمراہ کاہن صاحبان کا پْر تپاک استقبال کیا۔اس روز یوخرستی قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی۔جس کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء نے فرمائی جبکہ اْن کی معاونت ریورنڈ فادر فرانسس صابر کیپوچن برادری کے سردارِ اعلیٰ،ریورنڈ فادر طارق جارج ریکٹر آف مریم آباداور ریورنڈ فادر مغل پیٹر نے کی۔ اپنے وعظ کے دوران فضیلت مآب آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء نے کہا کہ میری دلی خواہش ہے کہ ہمارے بچے تعلیم حاصل کریں،ہنر سیکھیں اور مستقبل میں کامیاب ہوں۔نیز انہوں نے ریورنڈ فادر طارق جارج ریکٹر آف مریم آباد،اْن کی پاسٹرل ٹیم کی خدمات کو سراہا اور نئے تعمیر ہونے والے کانوینٹ،سکول،پاسٹرل ہاؤس اور سلائی سنٹر کی مبارک باد پیش کی۔
ریورنڈ فادر طارق جارج ریکٹر آف مریم آباد نے اظہار تشکر پیش کیا۔جس میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی کام کو اکیلا انسان سرانجام نہیں دے سکتا۔اور آج اس کامیابی میں ہم سب برابر کے شریک ہیں۔اور آپ سبھی مبارک باد کے حقدار ہیں۔فادر موصوف نے مزید کہا کہ میں فضیلت مآب آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء کا بھی خصوصی طور پر مشکور ہوں جن کی ذاتی دلچسپی اور کاوش کی بدولت یہ سب کام ممکن ہوئے۔نیزآئے ہوئے تمام معزز کاہن صاحبان اور خاص طور پر ریورنڈ فادر فرانسس صابر کیپوچن برادری کے سردارِ اعلیٰ کا بھی شکریہ ادا کیا۔پاک ماس کے بعد فضیلت مآب آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء نے اپنے دست ِ مبارک سے سینٹ میریز ایف ٹی ایل سسٹر ز کے نئے کانوینٹ کی تقدیس کی اورمر یم آباد میں 125سال بعد نئے تعمیر ہونے والے پاسٹرل ہاؤس کو برکت دی نیز سینٹ میریز ہائی سکول کی نئی بلڈنگ کو بھی برکت دی گئی۔
یاد رہے یہ سال آرچ ڈایوسیس میں تعلیم،ہنر اور تربیت کا سال قرار دیا گیا اور اسی سلسلے میں بشپ صاحب کی ذاتی دلچسپی اور کاریتاس پاکستان کے تعاون سے مریم آباد میں خواتین کے لئے سلائی سنٹر کا آغاز کیا گیا جس کا افتتاح فضیلت مآب آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء نے اپنے دستِ مبارک سے کیا۔خوشی کے اس موقع پر ایف ٹی ایل سسٹرز کی جانب سے بشپ صاحب اور کاہنوں کو یاد گار شیلڈز پیش کیں گئیں نیز مٹھائی تقسیم کی گئی۔
Add new comment