سینٹ جوزف پیرش گوجرانولہ میں مقدسہ مریم اور مقدسہ ا لیصابات کی عید نہایت عقیدت و شادمانی سے منائی گئی۔

 مورخہ 31مئی2023کو سینٹ جوزف پیرش گوجرانولہ میں پیرش پریسٹ ریورنڈ فادر فرانسس گلزار کی زیر قیادت مقدسہ مریم اور مقدسہ ا لیصابات کی ملاقات کی عید نہایت عقیدت و شادمانی سے منائی گئی۔اس عظیم عید کے موقع پر پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی۔جس کی قیادت ریورنڈ فادر نوبل لال ڈائریکٹر آف ڈان باسکو نے فرمائی جبکہ اْن کی معاونت ریورنڈ فادر فرانسس گلزاراور ریورنڈ فادر اشرف گِل نے کی۔دوران وعظ ریورنڈ فادر اشرف گِل نے مقدسہ مریم اور مقدسہ ا لیصابات کی ملاقات کو دو نبیوں اور دو عظیم ماؤں کی ملاقات گردانا۔انہوں نے مقدسہ ماں مریم کی عظمت کو بیان کرتے ہوئے بتایا کہ مقدسہ مریم کا رتبہ اتنا عظیم ہے کہ وہ خدا کی ماں ہے،اْسے نہ صرف جبرائیل فرشتہ نے سلام کیا بلکہ نہایت مودبانہ انداز میں مقدسہ مریم کے سوالوں کا جواب دیا۔نیز فادر موصوف نے مقدسہ مریم کے سر کے  بارہ ستاروں کے مطلب کوبیان کرتے ہوئے، مقدسہ ماں کی زندگی کے اْن انمول لمحات کا ذکر کیا جو اْس نے مسیح یسوع کی ماں ہوتے ہوئے خوشی اور دلیری سے برداشت کئے اور خدا کی رضا کو پورا کیا۔
اس موقع پر مقدسہ مریم کی تاج پوشی بھی کی گئی۔چھوٹی بچیوں نے ٹیبلو پیش کرتے ہوئے مقدسہ مریم سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔خوشی کے اس بابرکت موقع پر کاہن صاحبان نے مل کر کیک بھی کاٹا۔آخر میں ریورنڈ فادر فرانسس گلزار پیرش پریسٹ نے آئے ہوئے تمام کاہن صاحبان،مناد صاحبان اور مومنین کا شکریہ ادا کیا۔
 

Add new comment

1 + 8 =