رسم تاج پوشی ماں مقدسہ مریم سینٹ جوزف کیتھولک چرچ، لاہور، کینٹ۔

رسم تاج پوشی ماں مقدسہ مریم
سینٹ جوزف کیتھولک چرچ، لاہور، کینٹ۔
پوری دنیا میں کیتھولک کلیسیاء ہر سال اکتوبر کے مہینے کو مقدسہ مریم کے مقدس نام سے منسوب کرتی ہے اور اس مہینے کو بڑی عقیدت اور احترام سے منایا جاتا ہے اور مقدسہ مریم سے اپنی عقیدت کا اظہار کرنے کے لئے مختلف مقامات پر  مقدسہ مریم کی رسم تاج پوشی کی جاتی ہے۔  اسی حوالے سے 31 اکتوبر 2019 بروز جمعرات سینٹ جوزف پیرش لاہور کینٹ میں علاقہ کے پیرش پریسٹ ریورنڈ فادر قیصر فیروز کی سربراہی میں مقدسہ مریم کی سالانہ رسم تاج پوشی کی پر وقار عبادتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس عبادتی تقریب کا موضوع تھا '' مقدسہ مریم خاتون مکالمہ'' اور اسی موضوع پر  بعد میں ریورنڈ فادر ولسن پال نے واعظ دیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز امن کی روزری پڑھ کر کیا گیا جس کے بعد پاک ماس کی اقدس قربانی گزرانی گئی جس کی قیادت ڈومینیکن گھرانے کے سردار اعلی ریورنڈ فادر یونس شہزاد  نے کی، ان کے ہمراہ پیرش پریسٹ سینٹ جوزف چرچ ریورنڈ فادر قیصر فیروز،  ریورنڈ فادر ولسن پال، کیپوچن ہاؤس کے ریکٹر ریورنڈ فادر اشفاق انتھونی، ریورنڈ فادر فیاض رفیق، ریورنڈ فادر اعجاز بشیر، مائنر سیمنری کے ریکٹر ریورنڈ فادر یوسف یعقوب، اور ریورنڈ فادر اعظم صدیق موجود تھے۔ عبادت کے بعد پیرش کے نئے شادی شدہ جوڑوں میں پیرش کی جانب سے  بائبل مقدس، ہوشعنا اور روزمرہ کی دعاؤں کی کتابوں کے تحائف دئیے گئے اور انہیں یہ پیغام دیا گیا کہ وہ مقدسہ مریم جیسی وفاداری کو اپنائیں۔  اس کے بعد مومنین کی جانب سے تمام کاہنوں سے محبت اور عقیدت کا اظہار کیا گیا، اور مہمانوں کو یادگار شیلڈز اور ایوارڈز پیش کیے گئے۔  اس کے بعد مقدسہ مریم کو عقیدت کے ساتھ دوپٹہ پیش کیا گیا، جس کے بعد سینٹ جوزف سکول کینٹ کے بچوں نے خوبصورت اور رنگا رنگ پرفارمنسز پیش کیں، جن کو حاضرین نے دل کھول کر داد دی۔ اس کے بعد نہایت شادمانی اور مذہبی عقیدت کے ساتھ مس امیشا شاہد نے رسم تاج پوشی ادا کی۔ اس کے بعد چرچ یوتھ ممبران کی جانب سے غباروں سے بنی خوبصورت روزری کو ہوا میں چھوڑا گیا اور مہمانوں نے پرفارمنس کرنے والے بچوں کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔ آخر میں پیرش پریسٹ ریورنڈ فادر قیصر فیروز نے تمام مہمانوں اور کلیسیاء کا پروگرام کی کامیابی اور تعاون کے لئے شکریہ ادا کیا۔
    
                                        رپورٹ:
                                        ریورنڈ فادر قیصر فیروز
                                        ڈائریکٹر ریڈیو ویری تاس ایشیاء اردو سروس
                                        لاہور، پاکستان

Add new comment

2 + 0 =