Radio Veritas Asia Buick St., Fairview Park, Queszon City, Metro Manila. 1106 Philippines | + 632 9390011-15 | +6329390011-15
خوش پور میں سینٹ میریز سلائی سینٹرکا آغاز
گزشتہ دنوں خوش پور سینٹ فدیلیس پیرش خوش پور کے علاقہ چک نمبر 134گ ب تحصیل سمندری ضلع فیصل آباد میں سینٹ میریز سلائی سنٹر کا افتتاح کیا گیا۔ موجودہ معاشی اور خاندانی حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے ریورنڈ فادر ندیم جان شاکر (پیرش پریسٹ) ریورنڈ فادر پیٹر شنگارہ (علاقہ انچارج)ڈیکن عوبید متھیاس، مناد صاحبان اور پاسٹرل ٹیم نے اس تعمیری اقدام کا بیڑہ اُٹھایا تاکہ خواتین ہنر سیکھ کر اپنے خاندان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اس دن اقدس یوخرست کی قربانی شکر گزاری کے طور پر خدا باپ کے حضور گذرانی گئی جس کی قیادت ریورنڈ فادر ندیم جان شاکر نے کی جبکہ معاونت ریورنڈ فادر پیٹر شنگارہ نے کی۔
دومینیکن سسٹرز اور مومنین کی کثیر تعداد بھی عبادت میں شامل ہوئی۔ ریورنڈ فادر پیٹر شنگارہ نے وعظ میں خاندان میں عقلمندعورت کے مثبت کردار کے بارے بیان کیا اور کہا کہ موجودہ موقع سے آپ سب نے مستفید ہونا اور اپنے آنے والے کل کو خوشحال بنانا ہے۔
عبادت کے اختتام پر ریورنڈ فادر ندیم جان شاکر نے سلائی سنٹر، اس کے اساتذہ اور سٹوڈنٹس کو برکت دے کر سلائی سنٹر کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فادر موصوف نے اس سلائی سنٹر کو خدا کی طرف سے برکت قرار دیا اور کہا کہ یہ سنٹر پورے گاؤ ں کے لیے مذہبی اور معاشرتی ہم آہنگی کا وسیلہ بنے گا۔
آخر میں ریورنڈ فادر پیٹر شنگارہ نے سب مہمانوں اور مومنین کا شکریہ ادا کیااور برکات سے نوازہ۔
Add new comment