امن فیسٹیول اسلام آباد/ راولپنڈی ڈایوسیس

امن فیسٹیول
 اسلام آباد/ راولپنڈی ڈایوسیس
امن کی جتنی ضرورت موجودہ دور میں محسوس کی جا رہی ہے شاید اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں تھا۔ کیونکہ دنیا کے زیادہ تر خطوں میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے۔ پاکستان میں امن کو فروغ دینے کے حوالے سے اسلام آباد/ راولپنڈی ڈایوسیس میں 22 نومبر 2019 کو آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی زیرقیادت، ریورنڈ فادر انتھن الیاس (ڈائریکٹر ڈایوسیسن یوتھ کمیٹی) نے کور کمیٹی کے تعاون سے 3 روزہ امن فیسٹیول کا انعقاد کیا، جس کا آغاز امن مارچ سے ہوا۔ اس امن مارچ میں زندگی کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھر پور شرکت کی، جلوس کے شرکاء نے امن کے بعرے فضا میں بلند کیے۔
 اس امن مارچ کی قیادت آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے خود فرما ئی، جن کے ہمراہ جمشید حامد ایم۔پی۔ اے، ولسن وزیر ایم۔این۔اے، بچوں، اساتذہ، کاہنوں، راہبات اور مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ امن مارچ کے بعد سینٹ میریز ہائی سکول راولپنڈی میں مختلف مذہبی جماعتوں کی جانب سے امن کے حوالے سے اسٹال لگائے گئے جن میں امن کی ضرورت کو مختلف انداز میں نمایاں کیا گیا بعدازاں سکول کے ہال میں امن کے حوالے سے ہی پروگرام پیش کیا گیا جس میں سب سے پہلے حصے میں سکول کے بچوں کی جانب سے معزز مہمانوں کو پاکستان کے خطے کی تاریخ کے مختلف ادوار کی عکاسی کرتے ہوئے خوبصورت انداز میں خوش آمدید کہا گیا جس کے بعد امن کے حوالے سے  طلبہ و طالبات نے نہایت اچھوتے انداز میں مختلف پرفارمنس پیش کرکے شرکاء کے دل جیت لئے۔ اس موقع پر مسیحی گلوکاروں نے اپنی سریلی آوازوں میں امن کے نغمے پیش کیے۔
 اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا کہ ہم سب امن کے پیامبر ہیں ہم امن پسند قوم ہیں اور اس خطے میں امن قائم کرنے کے لئے ہم نے ماضی میں بھی بے شمار قربانیاں دیں ہیں اور آگے کو بھی جب جب ضرورت پڑے گی ہم قربانیاں دینے کے لئے ہمیشہ تیار ہیں۔ ہم سب کو آپس میں مل کر امن کے  فروغ کے لئے کوشیش کرنی ہے۔
        
رپورٹ:                                                        ریورنڈ فادر قیصر فیروز
ڈائریکٹر ریڈیو ویری تاس ایشیاء اردو سروس
لاہور، پاکستان

؎
 

Add new comment

1 + 16 =