Radio Veritas Asia Buick St., Fairview Park, Queszon City, Metro Manila. 1106 Philippines | + 632 9390011-15 | +6329390011-15
2020 نوجوانوں کا سال
2020 نوجوانوں کا سال
16 نومبر بروز ہفتہ سال 2020 کو خصوصی طور پر نوجوانوں کے نام سے منسوب کرنے کے حوالے سے افتتاحی عبادت گزرانی گئی اس عبادت کی قیادت فضیلت مآب کارڈینل جوزف کوٹس نے کی جن کے ہمراہ پاکستان کے ننسیو(Nuncio) کرسٹوف زخیا الکسیس، آرچ بشپ ڈاکٹرجوزف ارشد، آرچ بشپ سبیسٹئن فرانسیس شاء، بشپ وکٹر گانا پراگاسم، بشپ شکر دین اور بشپ بینی ٹراوَس نے معاونت کی۔ تقدس مآب بشپ سیمسن شکر دین ے اپنے واعظ میں کہا کہ تمام نوجوانوں کو پورے دِل کے ساتھ مسیح میں رہتے ہوئے آگے بڑھنا ہے تاکہ پوری دنیا میں اپنے کردار اور اپنی صلاحیتوں کی بدولت خداوند کے نام کو جلال دے سکیں۔
عبادت کے بعد نوجوانوں کی جانب سے رنگا رنگ ورائٹی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں باقاعدہ طور پر سال 2020 کو ایئر آف دی یوتھ کے نام منسوب کیا گیا۔ فضیلت مآب آرچ بشپ سبیسٹئن فرانسسِ شاء نے جب باقاعدہ اعلان کیا تو ہال تالیوں کی گونج سے بھر گیا۔ اس موقع پر نوجوانوں نے اپنی بے پناہ خوشی کا اظہار کیا۔ تمام مہمانوں کو بھر پور انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔ سکول کے بچوں نے ثقافتی انداز میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس پروگرام میں مختلف شہروں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے مختلف پرفارمنس پیش کرکے شرکاء کے دل جیت لئے۔ خاص طور پرکیپوچن برادران کی جانب سے پیش کیا گیا ڈرامہ بہت پسند کیا گیا جس کو ریورنڈ فادر اشفاق انتھونی نے تحریر کیا اور اس کی تیاری بھی کروائی۔
فضیلت مآب آرچ بشپ سبیسٹئین فرانسسِ شاء نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پڑھائی پر خاص توجہ دیں اور اُن مضامین کا چناؤ کریں جو مستبل میں آپ کی ترقی میں معاون ثابت ہوں۔
تقدس مآب بشپ سیمسن شکر دین نے نوجوانوں کی خوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کے یوتھ ائیر آپ سب نوجوانوں کے لئے یہ موقع فراہم کر رہا ہے کہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے اور اپنی کلیسیاء کے لئے فخر کا باعث بنیں۔
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے نوجوانوں کی راہنمائی کرتے ہوئے کہا کہ نوجواں چھوٹی نہیں بلکہ بڑی سوچ کہ مالک بنیں۔ اپنے مستقبل کے لئے بڑے خواب دیکھیں۔ معمولی جابز کے لئے کوشش مت کریں بلکہ بڑی بڑی پوسٹس کے لئے اپنی تیاری کریں تاکہ آپ کا اور آپ کے گھرانے کا اور ساتھ ہی ساتھ آپ کی کلیسیاء کا بھی مستقبل روشن ہو سکے۔
اس موقع پر فیصل آباد ڈایوسیس کی جانب سے ریورنڈ فادر خالد نے نوجوانوں کے سال کے حوالے سے تیار کیا گیا خصوصی نغمہ پیش کیا جس کو بہت سراہا گیا۔ یہ نغمہ ویو سٹوڈیو نے پروڈیوس کیا ہے۔ ائیر آف یوتھ کی افتتاحی تقریب سے پہلے رینیول سینٹر لاہور میں 13تا 15نومبر 2019 کو نوجوانوں کے لئے 3روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان بھر سے تمام ڈایوسیس سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے بھر پور انداز میں شرکت کی۔ پہلے دن فضیلت مآب بشپ سیمسن شکر دین (ائیر آف یوتھ کے چیئرمین اور بشپ آف حیدرآباد) نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور سال 2020 کو پاکستان کیتھولک بشپس کانفرنس کی جانب سے یوتھ کے نام قرار دینے کے حوالے سے مفید معلومات فراہم کیں۔ اس کے بعد پاکستان جیزز یوتھ کے کوآرڈینیٹر مسٹر ایاز گلزار نے پہلے دن کے سیشن میں شرکاء کو کلام کی روشنی میں نوجوانوں کی ذمہ داری کے بارے میں بتایا۔ دوسرے دن کے سیشن میں فضیلت مآب آرچ بشپ سبیسٹئن فرانسسِ شاء (آرچ بشپ آف لاہور) نے شرکاء سے خطاب کیا، اور سِنڈ کی دستاویز پر روشنی ڈالی۔ بعد میں کوآرڈینیٹر جیزز یوتھ مس ماریہ شمعون نے شرکاء کو مزید تفصیل فراہم کی۔
تیسرے دن پہلے سیشن میں کوآرڈینیٹر جیزز یوتھ پاکستان فارمیشن ڈیسک جناب آموس سیموئیل نے شرکاء کو یوتھ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ بعد میں اقدس پاک ماس کی قربانی گزرانی گء جس کی قیادت فضیلت مآب بشپ بینی ٹراؤس نے کی۔ بعدازں تمام ڈایوسیز کے نوجوانوں کو یوتھ سِنڈ کی دستاویز کی کتابیں تقسیم کی گئی۔ جِس کا مقصد نوجوانوں کو youth Synod کی تعلیمات سے روشناس کروانا تھا۔ پروگرام کے اختتام پر لاہور ڈایوسیس کے یوتھ ڈائریکٹر ریورنڈ فادر یوسف یعقوب نے ساری انتظامیہ اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر بلاہٹوں کے فروغ کے لئے لاہور آرچ ڈایوسیس کی تمام سسٹرز کی جماعتوں نے اپنے اپنے سٹال لگائے اور نوجوانوں کو مختلف خدمات کے بارے میں مفید معلومات فراہم کیں۔
رپورٹ: ریورنڈ فادر قیصر فیروز
ڈائریکٹر ریڈیو ویری تاس ایشیاء اردو سروس
لاہور، پاکستان
Add new comment