یسوع ایسا دوست ہے جو بغیر کسی دکھاوے اور بنا مطلب کے ہمارا ہاتھ تھامتا ہے۔ پوپ فرانسس

مورخہ 5مئی 2024کو پوپ فرانسس نے اپنے پیغام میں یسوع مسیح کے اْن کے الفاظ کو یاد کیا جس میں اْس نے اپنے شاگردوں سے کہا کہ میں اب سے تمہیں غلام نہیں کہوں گا بلکہ تم میرے دوست ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بڑھ کر ہمارے لئے کیا اعزاز ہوگا کہ یسوع ہمیں اپنا دوست کہتاہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ دوستی کا تجربہ بچپن میں شروع ہوتا ہے جب شاید ہم اپنے کھلونے یا سب سے قیمتی تحائف اپنے دوستوں کے ساتھ بانٹتے ہیں۔پھر جب بڑے ہو جاتے ہیں تو ایک دوسرے کے بوجھ، پریشانیاں،زندگی کی کہانیاں اور یادیں بانٹتے ہیں۔
پوپ فرانسس نے ہمیں اپنے دوستوں کو یاد رکھنے اور ان کے لیے خدا کا شکریہ ادا کرنے کی  نصیحت کی۔انہوں نے بتایا کہ ایک سچا دوست آپ کی غلطیوں کے باوجود آپ کو نہیں چھوڑتا بلکہ آپ کی اصلاح کرتاہے۔یسوع بھی ہمیں بتاتا ہے کہ ہم کس طرح اس کے دوست ہیں،یسوع ایسا دوست ہے جو بغیر کسی دکھاوے اور بنا مطلب کے ہمارا ہاتھ تھامتا ہے۔ کیونکہ وہ ہم سے پیار کرتا اورہماری بھلائی چاہتا ہے۔
پوپ فرانسس نے مشورہ دیا کہ ہم سوچیں کہ کیا ہم اپنے لیے خدا کی غیر مشروط محبت کو قبول کرتے ہیں؟ اور کیا اْس محبت کو اپنی زندگیوں میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ بانٹتے ہیں؟ آخر میں انہوں نے دْعا کی کہ خدا کرے مقدسہ مریم، یسوع اپنے بیٹے کے ساتھ ہماری دوستی  بڑھانے میں مدد کرے۔