پاک روزری وسیلہ ِ برکات!

مقدسہ مریم خداوند یسوع مسیح اورتمام مومنین کی ماں ہے۔خدا باپ نے مقدسہ مریم کو اِس دْنیا میں آنے سے پہلے ہی متبرک ٹھہرا دیاتھا۔خدا نے اْس کو گناہ کے ہر داغ سے دْور رکھا اِس لئے وہ بے داغ کنواری کہلائی۔اْس کا بیداغ ہونااِس لئے بھی ضروری تھا کیونکہ اْس نے خدا کے اکلوتے بیٹے کو جنم دینا تھا۔مقدسہ ماں نے بھی اپنی پاکیزگی اور تابعداری سے یہ ثابت کر دیاکہ رضائے الہیٰ اْس کی زندگی میں سب سے افضل ہے۔یہی وجہ ہے کہ خدا نے اْسے تمام عورتوں میں مبارک ٹھہرایا۔غالباً تیرہویں صدی میں یورپ کے لوگ بہت سی غلط تعلیمات کا شکار ہوتے جارہے تھے جو کہ مسیحی عقائد اور ایمان کے خلاف تھی۔اْسی دور میں مسیحیوں کو ایمان میں مضبو ط ہونے کی ضرورت تھی۔اْس مشکل وقت میں فرانس کا ایک راہب جو بہت سرگرم اور خدمت کے جذبے سے سرشار تھا۔وہ مقدسہ مریم سے آگاہی پاتا ہے کہ پاک روزری کا وِرد کرے۔یہ راہب کوئی اور نہیں بلکہ عظیم مبشر اور مبلغ مقدس دومینک تھے۔ماں اْس کو پاک روزری کے ورد کو جاری رکھنے کو کہتی بلکہ یقین دلاتی ہے کہ یہ ورد رہتی دنیا تک جاری رہے گا۔اس لئے ہمیں چاہیے کہ پاک روزری کے ذریعہ ماں سے سفارشات طلب کرتے رہیں۔کیونکہ یسوع اپنی ماں کی سفارش ہمیشہ سنتا اور قبول کرتا ہے۔جس طرح وہ خود کائنات کا بادشاہ ہے اس طرح مقدسہ مریم بھی دونوں جہانوں کی ملکہ ہے۔
 پرانے عہد نامہ میں شاہی خاندانوں میں بادشاہ کے لیے سب سے عزیز اْس کی ماں ہوتی تھی جو کہ ملکہ کہلاتی تھی۔ ملوک کی پہلی کتاب میں لکھا ہے کہ”تو بادشاہ اْس کے استقبال کو اْٹھا۔ اور اْسے سجدہ کیا۔تب وہ اپنے تخت پر بیٹھا۔اور بادشاہ کی ماں کے واسطے تخت لگایا گیا۔اس لیے وہ اْس کے دہنی طرف بیٹھی اور بولی کہ میں تجھ سے ایک چھوٹی سی درخواست کرتی ہوں۔ مجھ سے انکار نہ کر۔ بادشاہ نے اْس سے کہا۔ اے میری ماں۔ بات کر۔ کیونکہ میں تجھے انکار نہ کروں گا“(1ملوک 20-19:2)اس لیے ہم بھی جتنی بار پاک روزری پڑھتے ہیں اْتنی ہی بار مقدسہ مریم ہماری سفارش اپنے بیٹے سے کرتی ہے۔ ہم سب کو قانائے جلیل کا معجزہ اچھی طرح یاد ہے جب یسو ع نے  اپنی ماں کی بات کو رد نہیں کیا بلکہ اْسی کے کہنے پہ پانی کو مے میں تبدیل کر کے پہلا معجزہ کیا۔پاک کیتھولک کلیسیا زور دیتی ہے کہ پاک روزی کی عبادت کو نا صرف فرداً فرداً بلکہ کلیسیائی اور خاندانی طور پر بھی پڑھا جانا چاہیے۔ تاکہ خاندانوں میں بلکہ دنیا بھر میں امن قائم ہو۔ دنیا افرا تفری اور بدحالی سے گزر رہی ہے۔ سب سے بڑھ کر پوری دنیا میں اس وقت بہت سی وباؤں نے جنم لیا ہے۔ پرانے وقتوں میں لوگ اکٹھے بیٹھتے، باتیں کرتے،بھائی چارے کی فضا میں رہتے تھے۔ اْن کی خوشیاں اور غم سانجھے تھے اور سب سے بڑھ کر وہ اکٹھے مل کر عبادت کیا کرتے تھے۔ لیکن موجودہ حالات نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا ہے اور ان بدحالیوں اور پریشانیوں نے لوگوں کو ایک دوسرے سے بہت دور اور بیگانہ کر دیا ہے۔ انسان دوسرے انسان کو ملنے سے کترا رہا ہے۔ لوگ ایک دوسرے پر اعتبار نہیں کرتے۔معاشرے میں تو جو حالات خراب ہوئے ہی ہیں خاندانی زندگی کو بہت نقصان اْٹھانا پڑا ہے۔ خاندانوں میں اب وہ امن سلامتی والی باتیں نظر نہیں آتیں۔ کوئی کسی کی بات ہی سننے کو تیار نہیں ہے۔ بڑوں کی عزت کا کوئی خیال نہیں کیا جاتا۔بہت مرتبہ بڑے بھی بچوں کی باتوں کو سنتے ہی نہیں۔ان مشکل حالات میں اْمید کا نشان اور واحد ذریعہ پاک روزی کی عبادت ہے جو سب کو یکجا کر سکتی ہے۔پاک روزی کی عبادت خدا کو پسند ہے اور پاک روزری پڑھنے سے دنیا عذاب سے مخلصی حاصل کرتی ہے۔ پاک روزی آنے والی تمام مصیبتوں کو روکتی اور مومنین کو محفوظ رکھتی ہے۔اکٹھے مل کر روزی کی عبادت کرنے سے خاندانوں کو برکت ملنے کے ساتھ ساتھ اْن میں اتحاد اور محبت کو فروغ ملتاہے۔ مقدسہ مریم بھی یہی چاہتی ہے کہ اْس کے سب بچے مل جل کر محبت سے زندگی بسر کریں نیز وہ خواہش کرتی ہے کہ سب مل کر اس کے بیٹے کی طرف دیکھیں اور اس کے کلام پر عمل کر کے ہمیشہ کی زندگی کے وارث بن جائیں۔خدا کرے کہ ہم مقدسہ مریم کی عقیدت میں بڑھیں اور ترقی کرتے جائیں۔اس لئے آئیں اس مئی کے مہینے میں دْعا کریں کہ خدا ہم سب کو یہ فضل عطا کرے تاکہ ہم روزی کے ان مبارک اور بابرکت ایام میں خاندانی روزی کو فروغ دیں تاکہ اس سے ہمارے خاندان برکت پائیں اور مثالی خاندان بن کر دوسروں کے لیے گواہی کا باعث کا سبب ٹھہریں۔

Daily Program

Livesteam thumbnail